Islaahi Kalisiya-e-Pakistan

3 Common Misconceptions of Calvinism (Urdu)

David Kaywood is the Senior Associate Pastor of Eastside Community Church in Jacksonville, Florida, and the founder of the website Gospelrelevance.com. The following article is translated and published in Urdu with his permission.

کالوینیت کے بارے میں تین عام غلط فہمیاں

کالوینیت یا کالون اِزم، جب آپ یہ لفظ سنتے ہیں تو آپ کے ذہن میں پہلا خیال کیا آتا ہے؟

اگر آپ اصلاحی (ریفارمڈ) مسیحی نہیں ہیں، تو شاید آپ کے ذہن میں ازلی تقدیر یا جان کالون کا نام آتا ہو یا شاید آپ سنگدل خدا یا تنگ نظر مسیحیوں وغیرہ کے بارے میں سوچتے ہوں۔ بطور ایک اصلاحی مسیحی، مجھے ہمیشہ اس بات میں دلچسپی رہتی ہے کہ ہمارے حلقے سے باہر کے لوگ کالوینیت کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں۔

کچھ باتیں جو کہی جاتی ہیں وہ درست ہوتی ہیں، لیکن بہت سی باتیں حقیقت پر مبنی نہیں ہوتیں۔

تو پھر کالوینیت کے بارے میں غلط فہمیاں کیا ہیں؟

یہ بہت سی ہیں، لیکن یہاں تین عام غلط فہمیاں پیش کی جا رہی ہیں؛

پہلی غلط فہمی۔ کالوینیت جان کالون کی ایجاد ہے

یہ الجھن کب شروع ہوئی؟

ویکی پیڈیا کی اس تعریف سے کچھ مدد نہیں ملتی, یہ (جان کالون) مسیحی علم الٰہی کے اس نظام کی ترقی میں ایک اہم شخصیت تھا جسے بعد میں کالوینیت کہا گیا۔

میں اس الجھن کو سمجھتا ہوں۔ لفظ کالوینیت میں کالون شامل ہےاور ہر کوئی جان کالون کو جانتا ہے تو کالوینیت جان کالون نے ہی ایجاد کی ہوگی، ہے نا؟

اچھا خیال ہے، لیکن آئیں، ذرا گہرائی میں جائیں۔

کئی باتوں میں کالوینیت ایک غلط نام ہے۔ لفظ کالونسٹ 1552ء میں ایک لوتھری ناقد، یواخم ویسٹفال نے ایجاد کیا نہ کہ جان کالون نے۔ درحقیقت، جان کالون خود اس اصطلاح کو پسند نہیں کرتا تھا اور اسے کسی محبت بھری تعریف کے طور پر نہیں دیکھتا تھا۔ جیسا کہ مائیکل ہارٹن کہتا ہے، مصلح خود کو مسیحی زندگی کے ایک خاص نظریے کے ساتھ منسلک دیکھنا پسند نہیں کرتا تھا۔

اگرچہ کالونسٹ جان کالون کی بہت عزت کرتے ہیں لیکن کالوینیت کو کلیسیائی تاریخ میں دیکھا جا سکتا ہے جیسے کہ تھامس ایکونس،انسلم، اوگسٹین اور بہت سے دیگر مفکرین کے خیالات میں۔ اصلاحی لوگ عرصہ دراز سے اس بات پر زور دیتے آئے ہیں کہ کالوینیت کا ماخذ بائبل مقدس ہے، نہ کہ صرف ایک شخص کی سوچ۔

دوسری غلط فہمی۔ کالوینیت شخصی بشارت کو کمزور کرتی ہے

یہ دلیل کچھ اس طرح دی جاتی ہے، چونکہ صرف پہلے سے برگزیدہ لوگ ہی آسمان پر جائیں گے، اس لئے کالوینیت مسیحیوں کو بشارت میں غیر فعال ہونا سکھاتی ہے۔

یہ دلیل حقیقت کے خلاف ہے۔

اِسی سبب سے میں برگزیدہ لوگوں کی خاطر سب کُچھ سہتا ہوں تاکہ وہ بھی اس نجات کو جو مسیح یسوع میں ہے ابدی جلال سمیت حاصل کریں ( 2تیمتھیس 10:2)۔

پولس نےلوگوں کو یسوع کیلئے جیتنے کے لیے بہت تکلیفیں برداشت کیں، محنت کی اور بشارت کا کام سر انجام دیا حالانکہ وہ جانتا تھا کہ زیادہ تر لوگ ان کے پیغام کو رد کر دیں گے۔ ان کے طرز عمل میں کوئی غفلت نہیں تھی۔

کالونیت کی تاریخ کو بھی دیکھیں؛

جوناتھن ایڈورڈز کے کتابچوں نے کنیکٹیکٹ میں روحانی بیداری کو بڑھا دیا جسے ہم گریٹ اویکننگ یعنی عظیم بیداری کے نام سے جانتے ہیں۔

جارج وائٹ فیلڈ کے مشہور بشارتی وعظوں نے بیداری کو ہوا دی۔

ولیم کیری ایک کالونسٹ مسیحی تھا جس نے انیسویں صدی کی عظیم مشنری تحریک کی قیادت کی۔

چارلس اسپرجن کا پسندیدہ عقیدہ عوضی کفارہ تھا، یعنی یہ کہ یسوع صلیب پرہماری جگہ اورہمارے گناہوں کیلئے مؤا۔ بشارتی وعظ ان کے پسندیدہ تھے۔

یہ کہا جا سکتا ہے کہ ان سب کے کام کے پیچھے ان کے کالونسٹ عقائد کارفرما تھے۔

یہ خیال کہ کالونسٹ بشارت کو اہمیت نہیں دیتے، نہ ماضی میں سچ تھا، نہ آج کے زمانے میں اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی سچ نہیں ہوگا۔

تیسری غلط فہمی۔ کالوینیت خدا کو محدود کردیتی ہے

ایک مرتبہ میں نے ایک پاسبان سے پوچھا کہ کیا وہ اصلاحی ہے؟ اس نے کہا، نہیں، میں خدا کو کسی حد میں محدود نہیں کرنا چاہتا۔

میں یہ اکثر سنتا ہوں۔

یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ کالونسٹ مطالعے کو پسند کرتے ہیں۔ بہت سی مشہور سیمنریاں زیادہ تر اصلاحی ہیں۔ 2009 ء میں، ٹائم میگزین نے نیو کالون اِزم کو دنیا کو تبدیل کرنے والے دس بڑے نظریات میں سے ایک قرار دیا۔ اور حالیہ پانچ سے دس سالوں میں کلیسیا میں اصلاحی علم الٰہی کے دوبارہ ابھرنے کے ساتھ، بے شمار انجیل مرکوز اصلاحی وسائل دستیاب ہوئے ہیں۔ اصلاحی لوگ اپنے خدا کو ذہنی طور پر جاننے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔

یہ درست ہے کہ بعض اوقات کالونسٹ (بالخصوص نئے کالونسٹ) اپنے مخالفین کے ساتھ سخت رویہ رکھتے ہیں اور انہیں کیج سٹیج کالونسٹ بمعنی قفسی مرحلے کے کالونسٹ کہا جاتا ہے۔ لیکن یہ کہنا کہ کالوینیت خدا کو محدود کر دیتی ہے یا ہم نے خدا کو مکمل طور پر سمجھ لیا ہے، بالکل غلط ہے۔

اگر آپ اصلاحی مصنفین پر گہری نظر ڈالیں تو ایک آیت جو اکثر استعمال کی جاتی ہے وہ استثنا 29:29ہے، غیب کا مالک تو خداوند ہمارا خدا ہی ہے۔ آپ خدا کو حقیقی طور پر جان سکتے ہیں، لیکن مکمل طور پر نہیں۔ کچھ باتیں وہ ظاہر نہیں کرے گا۔ کالونسٹ جانتے ہیں کہ آپ خدا کو کسی طور بھی محدود نہیں کرسکتے۔

کالوینیت کے بارے میں اور بھی بہت سی غلط فہمیاں موجود ہیں جیسے کہ خدا اپنے بندوں کے ساتھ کٹھ پتلیوں جیسا سلوک کرتا ہے، برگزیدگی کا تصور سرد ہے، دعا کرنے کا کوئی فائدہ نہیں یا یہ کہ کالونسٹ اپنی برگزیدگی پر فخر کرتے ہیں۔ غلط سمجھا جانا تکلیف دہ ہوتا ہے۔ لیکن اصلاحی لوگ (جن میں میں بھی شامل ہوں) ہمیشہ اپنے عقیدے کی صحیح نمائندگی نہیں کر پائے۔ امید ہے کہ ہم مستقبل میں بہتر کام کر سکیں گے لیکن اپنے عقائد پر سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے۔ جیسا کہ چارلس اسپرجن نے کہا، اصلاحی علم الٰہی بائبلی مسیحیت کا دوسرا نام ہے۔

مصنف: ڈیوڈ کیوُڈ

مترجِم: ارسلان الحق


Discover more from Reformed Church of Pakistan

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Bible Verse of the Day

You will show me the path of life; In Your presence is fullness of joy; At Your right hand are pleasures forevermore.

Featuring

Discover more from Reformed Church of Pakistan

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

Skip to content