5 Reasons We Must Still Do Good (Urdu)

Why Then Must We Still Do Good?

Good question.

نیک اعمال کرنے کی پانچ وجوہ

مصنف: ڈاکٹر کیون ڈی ینگ

مترجم: ارسلان الحق

ہمیں نیک اعمال کیوں کرنے چاہییں؟ یہ اچھا سوال ہے۔

یہ ایساسوال ہے جو کاتھولکس اکثر پروٹسٹنٹس سے پوچھتے ہیں جب وہ تصدیق بذریعہ صرف ایمان کے موضوع پر گفتگو کرتے ہیں۔یہ سوال مجھے مختلف طریقوں سے مسلمانوں اور مورمنز نے بھی پوچھا ہے۔یہ ایک ایسا سوال ہے جس پر انجیل مرکوز مسیحی بھی ہمیشہ متفق نظر نہیں آتے۔

شکر ہے کہ یہ سوال ہائیڈل برگ کیٹی کزم (سوال وجواب 86) میں بھی ملتا ہے۔ کیٹی کزم کے مطابق، ہمارے لئے جو صرف ایمان کے ذریعہ صرف اُس کےفضل سے بچائے گئے ہیں، کم از کم پانچ وجوہ ہیں کہ ہمیں نیک اعمال کیوں کرنے چاہییں۔

١۔ پھل

اچھے کام یا نیک اعمال وہ پھل ہیں جن کی جڑیں تصدیق میں ہیں۔ اگر ہمارے اندر خدا کا فضل ہےتو اُس کا کچھ نہ کچھ اثر باطنی طور پر بھی ظاہر ہوگا ۔ مسیح اپنے روح کے ذریعے ہمیں بھی اپنے جیسابنانے کے لئے ہماری تجدید کررہا ہے۔

٢۔ شکرگزاری

نیک اعمال خدا اور دنیا کے سامنے اظہار ہیں کہ ہمارے پاس شکر گزار ہونے کے لئے بہت کچھ ہے (رومیوں 13:6 اور 1:12-2، 1 پطرس 5:2-10)۔ جب ہم شکر گزار ہوتے ہیں تو برائی اور غرور کی گندگی ایک طرف دھکیل دی جاتی ہے۔ اُس کی جگہ ہم اُس سب پر غور کرتے ہیں جو خدا نے ہمارے لئے کیا ہےاور فطری طور پر اور مافوق الفطرت طور پر اُس شخصیت کی خوشنودی کا مقصد رکھتے ہیں جس نے ہم پر ایسی مہربانی کی ہے۔

٣۔ جلال

نیک اعمال گواہی دیتے ہیں کہ خدا ہماری فرمانبرداری اور خدمت کے لائق ہے (متی 16:5 ، 1کرنتھیوں 19:6-20)۔ جب لوگ ہم میں اُس کا عکس دیکھتے ہیں تو اُس کی تمجید ہوتی ہے۔اُس کا جلال افزون ہوتا ہے جب دوسرے یہ تسلیم کرتے ہیں کہ ہم اُسے ایسا خدا مانتے ہیں جس سے ڈرنا چاہیے اور ایک ایسا باپ مانتے ہیں جس سے محبت کی جانی چاہیے۔

٤۔ اعتماد

نیک اعمال ہمارے دِلوں میں گواہی دیتے ہیں کہ ہم خدا کے فرزند ہیں (متی 17:7-18، گلتیوں 22:5-24، 2 پطرس 10:1-11)۔ جب ہم اپنی زندگیوں میں اچھا پھل دیکھتے ہیں تو ہمیں یہ نتیجہ اخذ کرنا چاہیے کہ ہم برے درخت نہیں ہو سکتے۔

٥۔ تبدیلی

ہمارے نیک اعمال ہمارے پڑوسیوں کومتوجہ کرتے ہیں (متی 14:5-16، رومیوں 17:14-19، 1 پطرس 12:2اور 1:3-2)۔ہمارا رویہ، بذات خود، گنہگاروں کو مسیح کے لئے نہیں جیت سکتا۔ لیکن ہمارےنیک اعمال انجیل (خوشخبری)کو مزید خوبصورت بنا سکتے ہیں اور کھوئے ہوؤں کو یہ سوچنے پر مجبور کر سکتے ہیں کہ آیا وہ واقعی راہ راست پر ہیں یا نہیں۔

نیک اعمال کرنا مسیحی کے لئے اختیاری نہیں ۔ ہمیں نیکی کرنی چاہیے، خدا کے ساتھ اپنی قبولیت کے ذریعہ کے طور پر نہیں بلکہ اُس کے اظہار کے طور پر۔ پاکیزگی کے طولانی سفر میں، ہمیں مسیح کی مانند بننے کے تمام بائبلی محرکات پر غور کرنا چاہیے۔ کیونکہ کسی نہ کسی وقت، ہمیں اِن سب کی ضرورت پیش آئے گی۔اور اِسی طرح اُن لوگوں کو بھی خدا ہمارے سامنے لاتا ہے جنہیں اِسی طرح کی تبدیلی کی ضرورت ہے۔


Leave a Comment