Islaahi Kalisiya-e-Pakistan

A Brief and Untechnical Statement of the Reformed Faith (Urdu)

The following article, authored by Benjamin Breckinridge Warfield, is sourced from Whitefield.freeservers.com and has been translated into Urdu by Pastor Arslan Ul Haq.

اصلاحی ایمان کا مختصر اور سادہ بیان

ایک۔ میں ایمان رکھتا ہوں کہ میری زندگی اور موت کا ایک ہی مقصد ہونا چاہیے، خدا کی تمجید کرنا اور ہمیشہ اس کی رفاقت سے لطف اندوز ہونا۔ اور خدا مجھے اپنے مقدس کلام، یعنی بائبل مقدس، کے ذریعے سکھاتا ہے کہ میں اسے کیسے جلال دوں جسے اس نے اپنے پاک روح کے لاخطا الہام سے دیا تاکہ میں یقینی طور پر جان سکوں کہ مجھے اس پر کیا ایمان رکھنا چاہیے اور وہ مجھ سے کونسی ذمہ داری کا تقاضا کرتا ہے۔

دو۔ میں ایمان رکھتا ہوں کہ کہ خدا ایک روح ہے، لاانتہا، ازلی و ابدی اور اپنی تمام صفات میں بے مثال ہے۔ ایک خدا مگر تین شخصیات میں موجود، باپ اور بیٹا اور روح القدس، میرا خالق، میرا نجات دہندہ اور میری تقدیس کرنے والا۔ جس کی قدرت و حکمت، راستبازی،بھلائی اور سچائی پر میں پختہ بھروسہ رکھ سکتا ہوں۔

تین۔ میں ایمان رکھتا ہوں کہ آسمان اور زمین اور ان میں موجود سب کچھ خدا کے ہاتھ کی کاریگری ہیں۔اور جو کچھ اس نے بنایا ہے، وہ اس کو سنبھالتا اور اس پر حکومت کرتا ہے تاکہ وہ اس مقصد کو پورا کریں جس کے لیے انہیں خلق کیا گیا اور میں جو اس پر اعتماد کرتا ہوں، شرمندہ نہیں ہوں گا بلکہ اس کی قادرِ مطلق محبت کی حفاظت میں آرام سے رہ سکتا ہوں۔

چار۔ میں ایمان رکھتا ہوں کہ خدا نے انسان کو اپنی صورت پر، یعنی عرفان، راستبازی اور پاکیزگی کے ساتھ پیدا کیا۔ اس نے انسان کے ساتھ ایک زندگی کا عہد قائم کیا جو صرف اس شرط پر تھا کہ انسان اُس کی فرماںبراری کرے جو اس کا فرض ہے۔ لیکن جب انسان نے دانستہ خلاف ورزی کر کے خدا کے خلاف گناہ کیا تو وہ اس گناہ اور مصیبت میں گر گیا جس میں میں پیدا ہوا ہوں۔

پانچ۔ میں ایمان رکھتا ہوں کہ آدم، جو میرا جد اوّل ہے، کے گناہ کی وجہ سے میں فطرتاً غضب کا فرزند ہوں۔ میں خدا کی سزا کے ماتحت ہوں اور جسم اور روح دونوں میں بگاڑ کا شکار ہوں۔ میں برائی کی طرف مائل ہوں اور ابدی ہلاکت کے لائق ہوں۔ اس خوفناک حالت سے میں صرف اپنے نجات دہندہ خدا کے بے اندازہ فضل کے ذریعے ہی نجات پا سکتا ہوں۔

چھ۔ میں ایمان رکھتا ہوں کہ خدا نے دنیا کو اس کے گناہوں میں ہلاک ہونے کے لیے نہیں چھوڑا بلکہ اپنی عظیم محبت کی وجہ سے، جو اس نے دنیا سے کی، اس نے ازل سے اپنی مرضی سے ایک لوگوں کی ایک ایسی بڑی تعداد کو چُن لیا ہے جسے کوئی انسان شمار نہیں کر سکتا تاکہ وہ انہیں ان کے گناہ اور مصیبت سے نجات دے اور ان کے ذریعے دنیا میں اپنی راستبازی کی بادشاہی کو دوبارہ قائم کرے۔ اور میں یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ اس بادشاہی میں میرا حصہ ہے، بشرطیکہ میں مسیح خداوند کو مضبوطی سے تھامے رہوں۔

سات۔ میں ایمان رکھتا ہوں کہ خدا نے یسوع مسیح کے ذریعے اپنے لوگوں کے ساتھ میل کرلیا ہے۔ یسوع مسیح خدا کا ازلی و ابدی بیٹا ہےمگر پھر بھی وہ ایک عورت سے پیدا ہوا اور شریعت کے حکموں کے مطابق زندگی گزاری تاکہ ان لوگوں کو آزاد کرے جو شریعت کے ماتحت تھے۔ میں ایمان رکھتا ہوں کہ یسوع مسیح نے میرے گناہوں کی سزا کو اپنے جسم میں صلیب پر برداشت کیا اور خدا کی راستبازی کی تمام شرائط کو میری طرف سے پورا کیا۔ اب وہ مجھے اپنے باپ کے سامنے ایسے شخص کے طور پر پیش کرتا ہے جسے اس نے اپنے خون کی قیمت سے خریدا ہے تاکہ ہمیشہ کیلئے اس کے فضل کے جلال کی ستایش ہو۔ اسی لئے میں اپنی نیکیوں یا کاموں پر بھروسہ نہیں کرتا بلکہ اپنی تمام امید اور بھروسہ صرف یسوع مسیح کے خون اور راستبازی پر رکھتا ہوں جو میرا نجات دہندہ ہے۔

آٹھ۔ میں ایمان رکھتا ہوں کہ یسوع مسیح، جو میرا نجات دہندہ ہے، میرے گناہوں کے لئے مر گیا اور میری راستبازی کے لئے دوبارہ زندہ کیا گیا۔ پھر وہ آسمان پر چڑھ گیا، جہاں وہ ہمیشہ کے لئے قادر مطلق باپ کے داہنے ہاتھ بیٹھا ہے۔ وہ مسلسل اپنے لوگوں کے لئے شفاعت کرتا ہے اور پوری دنیا پر حکمرانی کرتا ہے۔ کیونکہ وہ اپنی کلیسیا کا سردار ہے۔ اس لئے مجھے کسی برائی کا خوف نہیں اور میں یقینی طور پر جانتا ہوں کہ نہ تو کوئی چیز مجھے اس کے ہاتھوں سے چھین سکتی ہے اور نہ ہی کوئی چیز مجھے اس کی محبت سے جدا کر سکتی ہے۔

نو۔ میں ایمان رکھتا ہوں کہ خداوند یسوع مسیح کی جانب سے ملنے والی مخلصی اپنے تمام لوگوں پر مؤثر طور پر لاگو ہوتی ہے۔ یہ عمل روح القدس کے ذریعہ انجام پاتا ہے جو مجھ میں ایمان پیدا کرتا ہے اور یوں مجھے مسیح سے جوڑتا ہے۔ روح القدس مجھے خدا کی صورت پر نئے سرے سے پیدا کرتا ہے اور میرے پورے وجود کو بدل دیتا ہے۔ وہ مجھے گناہ کے اعتبار سے مرنے اور راستبازی کی زندگی گزارنے کیلئے زیادہ سے زیادہ قوت عطا کرتا ہے۔ جب یہ پرفضل کام مجھ میں مکمل ہو جائے گا تو مجھے جلال میں قبول کیا جائے گا۔ اس عظیم امید کے ساتھ رہتے ہوئے، مجھے ہمیشہ خدا کے خوف میں کامل پاکیزگی کی کوشش کرنی چاہیے۔

دس۔ میں ایمان رکھتا ہوں کہ خدا مجھ سے انجیل کے مطابق یہ چاہتا ہے کہ سب سے پہلے میں اپنے گناہ اور مصیبت کا حقیقی احساس کروں اور مسیح میں اس کے رحم کو سمجھوں۔ اس کے بعد، مجھے گناہ سے افسوس اور نفرت کے ساتھ دور ہو جانا چاہیے اور اپنی نجات کیلئے صرف یسوع مسیح پر انحصار کرنا چاہیے۔ جب میں اس کے ساتھ متحد ہوں گا تو میں اپنے گناہوں کی معافی حاصل کر سکوں گا اور خدا کی نظر میں صرف اسی راستبازی کی بنیاد پر راستباز قرار دیا جا سکوں گا جو مسیح نے میرے لئے حاصل کی ہے اور جو صرف ایمان کے ذریعے مجھ سے محسوب کی گئی ہے۔ اسی طرح، مجھے یقین ہے کہ میں خدا کے فرزندوں کی جماعت میں شامل ہو جاؤں گا اور ان کے تمام حقوق اورفوائد میں حصہ دار بن سکوں گا۔

گیارہ۔ میں ایمان رکھتا ہوں کہ جب مجھے مسیح کی خاطر معاف کیا گیا اور قبول کیا گیا تو مجھ سے یہ بھی توقع کی جاتی ہے کہ میں اس روح کی رہنمائی میں چلوں جسے اس نے مجھے بخشا ہے۔ یہ روح میرے دل میں محبت بھر دیتا ہے۔ اپنے بادشاہ، مسیح کی فرماںبرداری کروں، خدا میرے آسمانی باپ کی مقدس شریعت کی طرف سے مجھ پر عائد تمام فرائض کو ایمانداری سے انجام دوں ، اپنی زندگی اور رویے میں ہمیشہ اس کامل مثال کی عکاسی کروں جو میرے رہنما مسیح یسوع نے میرے لئے قائم کی ہے، جو میرے لئے مر گیا اور مجھے اپنا روح القدس عطا کیا تاکہ میں ان نیک اعمال کو انجام دے سکوں جنہیں خدا نے پہلے سے میرے لئے تیار کیا ہے کہ میں ان کے مطابق چلوں۔

بارہ۔ میں ایمان رکھتا ہوں کہ خدا نے اپنی کلیسیا کو دنیا میں قائم کیا ہے اور اسے کلام کی منادی، پاک رسوم بپتسمہ اور عشائے ربانی، اور دعا جیسے وسائل سے نوازا ہے تاکہ ان وسائل کے ذریعے،انجیل میں اس کے فضل کو دنیا کے سامنے ظاہر کیا جائے اور مسیح کی برکت اور ان میں روح القدس کی کام کے ذریعے جو ایمان کے ساتھ انہیں قبول کرتے ہیں، نجات کے فوائد اس کے لوگوں تک پہنچائے جائیں۔ اسی لئے مجھ پر یہ لازم ہے کہ میں ان فضل کے وسائل پر محنت، تیاری اور دعا کے ساتھ توجہ دوں تاکہ ان کے ذریعے ایمان میں ترقی حاصل کروں اور مضبوط بن سکوں۔ یہ میرے لئے ضروری ہے کہ میں اپنی زندگی میں پاکیزگی اور محبت کے ساتھ بھرپور سعی کرتے ہوئے اس انجیل کو دنیا بھر میں پھیلاؤں اور ان فضل کے وسائل کو ہر ایک تک پہنچاؤں۔

تیرہ۔ میں ایمان رکھتا ہوں کہ جیسا کہ یسوع مسیح ایک بار فضل کے ساتھ آیا، ویسے ہی وہ دوسری بار جلال میں آئے گا تاکہ دنیا کا راستی سے انصاف کرے اور ہر ایک کو اس کے ابدی انعام سے نوازے۔ اور میں ایمان رکھتا ہوں کہ اگر میں مسیح میں مر جاؤں تو میری روح موت کے وقت پاکیزگی میں کامل ہو جائے گی اور خدا کے پاس لوٹ جائے گی۔ اور جب وہ اپنی عظمت میں واپس آئے گا تو مجھے جلال میں زندہ کیا جائے گا اور خدا کی کامل خوشی میں ہمیشہ کی زندگی گزاروں گا۔ اس بابرکت امید کی حوصلہ افزائی سے، مجھ پر لازم ہے کہ میں خوشی سے یہاں یسوع مسیح کے ایک اچھے سپاہی کی طرح مشکلات کا سامنا کروں، یہ یقین رکھتے ہوئے کہ اگر میں اس کے ساتھ مر جاؤں تو میں بھی اس کے ساتھ زندہ رہوں گا، اگر میں ثابت قدم رہوں تو میں بھی اس کے ساتھ سلطنت کروں گا۔ اور میرے نجات دہندہ، باپ اور روح القدس کے ساتھ واحد خدا ئے ثالوث کا جلال ابدلآباد ہوتا رہے۔ آمین ثم آمین۔

مصنف: بینجمن بریکنرج وارفیلڈ

مترجِم: ارسلان الحق


Discover more from Reformed Church of Pakistan

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Bible Verse of the Day

But the end of all things is at hand; therefore be serious and watchful in your prayers.

Featuring

Discover more from Reformed Church of Pakistan

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

Skip to content