Islaahi Kalisiya-e-Pakistan

The Sufficiency of Scripture | بائبل مقدس کی کفایت

The following article, The Sufficiency of Scripture, is part of The Basics — An Introduction to Christian Doctrine by Dr. Kim Riddlebarger. It has been translated into Urdu and posted with permission.

بائبل مقدس کی کفایت

بائبل مقدس کی کفایت اس کے الہام اور اختیار سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔جب ہم بائبل مقدس کے الہام کی بات کرتے ہیں تو ہم اس حقیقت کا حوالہ دیتے ہیں کہ بائبل کی مختلف کتابیں خدا کی مرضی سے احاطہ تحریر میں آئیں۔بائبل مقدس کی کتابیں روح القدس کے الہام سے انسانی مصنفین کے ذریعے لکھی گئیں (2 تیمتھیس 16:3)۔ جب ہم بائبل مقدس کے اختیار کی بات کرتے ہیں تو اس سے مراد یہ ہے کہ چونکہ روح القدس بائبل مقدس کا الٰہی مصنف ہے، اس لئے صرف روح القدس ہی اس بات کی گواہی دے سکتا ہےکہ خدا کا کلام سچاہے اور اس کا ماخذ الٰہی ہے۔ کلیسیا بائبل مقدس کو اختیار نہیں دیتی بلکہ کلیسیا صرف اس اختیار کوپہچان سکتی ہے جو بائبل مقدس میں پہلے سے موجود ہےکیونکہ یہ خدا کا الہامی کلام ہے۔

جب ہم بائبل مقدس کو کافی کہتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ بائبل مقدس وہ سب کچھ ظاہر کرتی ہے جو خدا چاہتا ہے کہ ہم اس کی مرضی کے متعلق جانیں اور یہ کہ ہم اُس کے غضب سے کیسے بچ سکتے ہیں۔ بائبل مقدس ایک خاص مقصد کے لیے دی گئی ہے۔ یہ ہمیں ہر وہ چیز نہیں سکھاتی جو ہمارے لیے مفید یا عملی ہو سکتی ہے اور نہ ہی اس کا مقصد یہ تھا کہ وہ ایسا کرے۔ بائبل مقدس ہمارے گناہ آلود انسانی تجسس کی تسکین کے لئے نہیں دی گئی اور نہ ہی ہم اس میں زندگی کے تمام رازوں کے جوابات پائیں گے۔غیب کی باتیں خدا کے اختیار میں ہیں (استثنا 29:29 سے موازنہ کریں)۔

لیکن بائبل مقدس خدا کی شریعت اور یسوع مسیح کی نجات بخش انجیل دونوں کو ظاہر کرتی ہے۔شریعت وہ ہے جو خدا ہم سے چاہتا ہے اور یہ خروج 20 ویں باب میں (دس احکام) میں پائی جاتی ہے۔انجیل وہ ہے جو خدا ہمیں یسوع مسیح میں دیتا ہےجو اس کی شریعت کے تقاضوں کو پورا کرتی ہے جیسا کہ پولس 1 کرنتھیوں 1:15-8 میں بیان کرتا ہے (یہ صرف ایک مثال ہے)۔اگرچہ اخلاقی شریعت عالم گیر ہے، یہ ہمارے دلوں پر لکھی ہوئی ہے کیونکہ ہم خدا کی صورت پر اس کی شبیہ کی مانند بنائے گئے ہیں۔صرف بائبل مقدس میں ہی ہمیں خدا کی شریعت تحریری شکل میں ملتی ہے تاکہ خدا کی مرضی سب پرمکمل طور پر واضح ہو جائے۔

جب کہ تخلیق کی خوبصورتی اورعجائب پرزور طور پرہماری رہنمائی خالق کی طرف کرتے ہیں،یہاں تک کہ ہم خدا کے وجود سے انکار نہیں کر سکتے۔لیکن خدا کے نجات بخش کام کی کہانی جو گناہ گاروں کو یسوع مسیح کے وسیلے سے بچانے کے لئے ہے، یہ پہاڑوں کی چوٹیوں کی خوبصورتی میں یا سمندروں کی عظیم الشان لہروں کے ٹکراؤ میں نہیں ملتی۔ یہ انجیل (خوشخبری) صرف خدا کے لکھے ہوئے تحریری کلام(بائبل مقدس) میں ہی ملتی ہے۔

جب ہم بائبل مقدس کی کفایت کی بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ بائبل مقدس میں ہمیں اپنی نجات کا بیان ملتا ہے جو عدن میں آدم کے ساتھ کئے گئے اعمال کے عہد میں ظاہر ہوتا ہے اور دس احکام میں دوبارہ بیان کیا گیا ہے نیز فضل کے عہد کے مختلف انتظامات کے ذریعے (جیسا کہ کوہ سینا پر شریعت کا دیا جانا) ہم دیکھتے ہیں کہ یسوع ہمیں ہمارےگناہوں سے بچاتا ہے، جو کہ پرانے عہد کی مثیلوں اور علامات میں ظاہر ہوتا ہےاور نئے عہد کے وعدہ اور تکمیل میں بھی۔ چونکہ نجات کی یہ کہانی بائبل کا مرکزی موضوع ہےتو خدا کی عبادت کرنے کا صحیح طریقہ جاننے کے لئے ہمیں اور کیا جاننے کی ضرورت ہو سکتی ہے؟ گناہ کےاحساس اور زورسے نجات پانے کے لئے ہمیں اور کیا جاننے کی ضرورت ہے جو خدا نے پہلے ہی اپنے کلام میں ظاہر نہ کیا ہو؟ کیا ہمیں انجیل کی وضاحت کے لئے کلیسیا کی روایت کی ضرورت ہے؟ کیا ہمیں بائبل مقدس کے علاوہ مزید مقدس کتب اور مکاشفات چاہییں تاکہ وہ چیزیں ظاہر کریں جو بائبل مقدس میں نہیں ہیں؟ ہرگز نہیں۔

بائبل مقدس میں ہمارے پاس وہ سب کچھ موجود ہے جو ہمیں خدا کی مرضی جاننے اور نجات پانے کے لئے ضروری ہے۔راستباز گنہگاروں کے طور پر جو مسیح کے خون سے پاک اور اس کی کامل راستبازی سے ملبس ہیں ہم شکر گزار دلوں کے ساتھ پاک خدا کے پاس جانے اور اُس کے بتائے ہوئے طریقے سے عبادت کرنے کے لئے آزاد ہیں۔ لیکن ہم یہ سب صرف اسی لئے جانتے ہیں کیونکہ بائبل مقدس ہمیں یہ بتاتی ہے۔ اس سے ہمارا یہی مطلب ہوتا ہے جب ہم کہتے ہیں کہ بائبل مقدس کافی ہے۔

مصنف: ڈاکٹر کِم رِڈلبارجر

مترجِم: ارسلان الحق


Discover more from Reformed Church of Pakistan

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Bible Verse of the Day

And heal the sick there, and say to them, ‘The kingdom of God has come near to you.’

Featuring

Discover more from Reformed Church of Pakistan

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

Skip to content