The following article, What God Really Wants from You, was written by Pastor David Kaywood and originally published on the GospelRelevance website. It has been translated (by Ms. Veronica) and published with permission.
خداواقعتاً آپ سے کیا چاہتا ہے؟
مصنف: ڈیوڈ کیوڈ
مترجم: ویرونیکا
میں وہ کبھی نہیں بھولوں گا جو ڈونلڈ آرتھرکارسن نے ایک مرتبہ اپنے ایک لیکچر کے دوران کہا ۔
میں کاونینٹ تھیالوجیکل سیمنری کے کیمپس پر تھا۔ میں وہاں ایک دورے پر تھا اور میرے دورے کا مقصدچیپل اور ایک لیکچر سننےکا تجربہ حاصل کرنا تھا۔کاونینٹ سیمنری میں عموماً مقامی پاسبان اور طالبعلم کو کلام سنانے کا موقع دیا جاتا ہے۔ لیکن اِس بار انہوں نے ڈی اے کارسن کوآنے کے لئے راضی کرلیا۔مجھے اِس بات کاکوئی اندازہ نہیں تھا جب میں اپنے دورے کو ترتیب دے رہا تھا، لیکن جب مجھے معلوم ہو اکہ وہ وعظ پیش کریں گے تو میں بہت خوش اورپرجوش تھا۔
کارسن کا وعظ دکھوں پر تھا ۔انہوں نے (میرے خیال میں) مسیحیوں کودکھوں میں قائم رہنے کے لئے چھ نکات پیش کئے۔چوتھا نکتہ پیش کرنے کے بعد اُنہوں نے ایک تبصرہ کیاجو مجھے اب بھی یاد ہے کہ خدا آپ کی(خدا کو سمجھنے سے) سمجھ سے زیادہ آپ کا (اُس پر) توکل چاہتا ہے۔
یہ بات عہد جدید کے ایک بہترین عالم کی طرف سے ہے۔ یہ بات ایک ایسے شخص کی طرف سے ہے جو اپنے دِن کا بیشتر حصہ مطالعے میں صرف کرتا ہے۔یہ بات ایک ایسے شخص کی طرف سے ہے جس نے اپنی جوانی کا بیشتر حصہ فہم حاصل کرنے میں گزارا ہے۔
کارسن کے مطابق، خدا واقعتاً آپ سے آپ کی سمجھ سے زیادہ آپ کا توکل چاہتا ہے۔
یہاں کارسن کا نکتہ یہ تھا کہ زندگی کی آزمایشوں اور مصیبتوں کے درمیان خدا چاہتا ہے کہ آپ اُس کے کردار پر توکل کریں، اِس بات کو سمجھنے سے زیادہ کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے۔
جی ہاں، بائبل مقدس کو سمجھنا ازحد اہم ہے۔
جی ہاں، ہر مسیحی کو عرفان الٰہی میں ترقی کرنے کیلئے جانفشانی کرنی چاہیے۔
جی ہاں، مطالعہ ہر مسیحی کی زندگی میں اولین ترجیح ہونا چاہیے۔
لیکن علم کی جستجو میں ، خدا آپ کا توکل چاہتاہے۔فہم سے جدا نہیں بلکہ اِس کے ساتھ۔
یہاں آپ کے فیصلے کی بات آتی ہے۔
کیا آپ اپنے مستقبل سے متعلق خدا پر توکل کریں گے؟
کیا آپ اپنے مالی معاملات میں خدا پر توکل کریں گے؟
کیا آپ اُس وقت خدا پر توکل کریں گے جب سب کچھ آپ کے خلاف ہورہا ہو۔
یہ اِس ہفتہ، اِس مہینے اور اِس سال کیلئے آپ کی زندگی کے لئے خدا کا بلاوہ ہے۔ توکل کریں۔یہ اُس کا آپ کی زندگی کے لئے بلاوہ ہے جب تک کہ وہ آپ کو گھر نہیں بُلاتا۔
کیا آپ اُس پر توکل کرنے کا انتخاب کریں گے؟
مصنف کی اجازت سے شائع کیا گیا۔