Islaahi Kalisiya-e-Pakistan

The Lord’s Supper | عشائے ربانی

The following article, The Lord’s Supper, is part of The Basics — An Introduction to Christian Doctrine by Dr. Kim Riddlebarger. It has been translated into Urdu and posted with permission.

عشائے ربانی

عشائے ربانی کی اصلاحی تفہیم نشان اور مہر (روٹی اور مے)کے درمیان فرق پر مبنی ہے جو عشائے ربانی میں ظاہر ہوتا ہے (مسیح کے بہائے گئے خون سے گناہوں کی معافی ، خون میں عہد)۔ یہاں روٹی اور مے (نشان) اور ان سے نمایاں ہونے والی حقیقت (گناہوں کی معافی) کے درمیان ایک خاص تعلق بھی ہے، جیسا کہ ہمارے خداوند کے الفاظ کہ یہ میرا بدن ہے میں واضح ہے۔ یہ الفاظ یسوع نے اپنے شاگردوں کو تب کہے جب انہوں نے عشائے ربانی کے ساکرامنٹ کو مقرر کیا۔

جب وہ کھا رہے تھے تو یسوعؔ نے روٹی لی اور برکت دے کر توڑی اور شاگردوں کو دے کر کہا لو کھاؤ۔ یہ میرا بدن ہے۔ پھر پیالہ لے کر شکر کیا اور اُن کو دے کر کہا تم سب اِس میں سے پیو۔ کیونکہ یہ میرا وہ عہد کا خون ہے جو بہتیروں کے لِئے گناہوں کی معافی کے واسطے بہایا جاتا ہے۔  میں تم سے کہتا ہوں کہ انگور کا یہ شیرہ پھر کبھی نہ پیوں گا۔ اُس دِن تک کہ تمہارے ساتھ اپنے باپ کی بادشاہی میں نیا نہ پیوں (متی 26:26-29)۔

جب یسوع روٹی کو اپنے بدن اور مے کو اپنے خون کے طور پر بیان کرتا ہے تو ہمیں اس کے کلام پر بغیر کسی الجھن کے یقین کرنا چاہیے۔ ہمیں یہ نہیں کہنا چاہیے کہ یہ میرے جسم کی نمائندگی کرتا ہے جیسا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں جو سمجھتے ہیں کہ عشائے ربانی صرف ایک یادگاری کھانا ہے اور اس میں روٹی اور مے تناول کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ جیسے پولس مسیح کو چٹان کہتا ہے (1 کرنتھیوں 4:10) اِسی طرح روٹی یسوع کا بدن ہے۔ یہ اس لئے نہیں ہے کہ روٹی معجزانہ طور پر مسیح کے بدن میں بدل جاتی ہے (جیسا کہ رومن کاتھولکس تبدیلی جوہر کے نظریے میں دعویٰ کرتے ہیں) بلکہ اس لئے کہ مسیح روٹی (نشان) کے بارے میں ایسے بات کر سکتا ہے جیسے یہ اس کا بدن ہو۔ یسوع ساکرامنٹ مقرر کرتے وقت اسی طرح کی اصطلاح استعمال کرتا ہے (متی 26:26 وغیرہ)۔

جان کالون کی پیروی میں اصلاحی مسیحیوں نے دو اہم باتیں ذہن نشین کی ہیں۔ اوّل، مسیح کا صعود آسمانی ایک حقیقت ہے جہاں وہ اپنی انسانی فطرت کے ساتھ موجود ہے اور وہاں سے دوبارہ آنے والا ہے (اعمال 9:1-11) اور دوم ساکرامنٹ میں اس کی حقیقی موجودگی (1 کرنتھیوں 16:10-17)۔ اگرچہ مسیح کی انسانی فطرت آسمان پر ہے لیکن ایماندار کو اس کی نجات کے تمام فوائد حاصل ہوتے ہیں کیونکہ ایمان کے ذریعہ ، روح القدس نے زمین پر ایماندار کو آسمان پر مسیح سے متحد کردیا ہے۔ اِسی طرح، مسیح آسمان میں ہونے کے باوجود ایماندار اس کا حقیقی بدن اور خون حاصل کر سکتا ہے کیونکہ روح القدس یہ یقینی بناتا ہے کہ جو لوگ مسیح کے ساتھ منسلک ہیں، وہ ایمان کے ساتھ روٹی اور مے پیتے وقت اس کا بدن اور خون حاصل کرتے ہیں (1 کرنتھیوں 16:10-17اور 23:11-29)۔

اس لیے کھانے کا طریقہ روحانی ہے، جسمانی نہیں۔ درحقیقت، ہم ایمان کے ذریعے مسیح کے بدن اور خون کو حاصل کرتے ہیں، نہ کہ منہ سے (یوحنا 63:6 کا اطلاق یہاں ہوسکتا ہے)۔ ساکرامنٹ کے الفاظ میں مسیح کا بدن ہمارے پاس نہیں ہوتا یا مسیح کا پورا بدن یعنی بدن اور خون اُن چیزوں میں اُن کے تحت اور اُن کے ساتھ موجود نہیں ہوتا، جیسا کہ لوتھری کہتے ہیں۔ بلکہ، ایماندار روح القدس کے ذریعے جو ہمارے اندر ہے، خدا کی دائیں طرف بیٹھے مسیح سے روحانی طور پر خوراک حاصل کرتا ہے۔ روح القدس یہ یقینی بناتا ہے کہ ہم وہ سب کچھ حاصل کریں جس کا خدا نے ہم سے وعدہ کیا ہے۔ ہم ایمان کے ذریعے مسیح کا بدن اور خون حاصل کرتے ہیں کیونکہ روح ہی اس حقیقت کو قبول کرتی ہے، نہ کہ بدن۔ ہمارا منہ صرف مخصوص روٹی اور مے کو حاصل کرتا ہے۔ بہر حال، مسیح کے ساتھ ہمارے اتحاد کے ذریعے، جب ہم مخصوص شدہ روٹی کھاتے اور مے پیتے ہیں، ایمان کے ذریعے، روح القدس اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ مسیح جو آسمان میں رہتا ہے ہم اُس کے حقیقی بدن اور خون کو حاصل کریں۔ اوگسٹین یہ کہنے میں حق بجانب تھا کہ ایمان رکھو اور تم نے کھا لیا۔

عشائے ربانی میں مسیح کی اپنے لوگوں کے درمیان حقیقی موجودگی جب وہ ایمان کے ساتھ میں اِس میں شریک ہوتے ہیں، بائبل مقدس کی تعلیم اور اصلاحی عقیدے کا بنیادی نقطہ ہے۔ اس میں علم الآخرت کی ایک جہت بھی شامل ہے جیسا کہ مکاشفہ 6:19-9 میں بتایا گیا ہے۔ زمین پر کی جانے والی ضیافت آسمان پر ہونے والی ضیافت کی امید ہے۔ اس کے علاوہ، اس میں ایک عہد ی جہت بھی ہے۔ ہر بار جب عشائے ربانی کی جاتی ہے تو ہمارا مہربان خدا گناہ گاروں کو نجات دینے کے لئے اپنے عہد کی دوبارہ توثیق کرتا ہے یعنی جن کے لئے اُس نے سزا برداشت کی۔ یسوع مسیح آج بھی گناہ گاروں کے ساتھ پاک میز کی رفاقت سے لطف اندوز ہوتا ہے جس کی مثیل خروج 24 باب میں ملتی ہے اور اس کی تکمیل رسولی دور کی کلیسیاؤں میں واضح نظر آتی ہے جیسا کہ 1 کرنتھیوں 23:11-32 میں بیان کیا گیا ہے۔

بائبلی اصطلاح میں حقیقی موجودگی کے الفاظ اور بائبل مقدس اور عشائے ربانی کے درمیان تعلق (اعمال 42:2، 1 کرنتھیوں 11، اعمال 7:20) کے تناظر میں یہ کہنا مشکل ہے کہ ہم محض اپنی اہلیت کو بنیاد بنا کر عشائے ربانی میں شرکت کریں۔ کچھ سوالات ہمارے ذہن میں آتے ہیں جیسے کیا میرا ایمان کافی مضبوط ہے؟ یا کیا میں نے اپنے گناہوں کا پورے طور سے اقرار کیا ہے اور دل کو پاک کر لیا ہے؟ لامحالہ، اس غور و فکر کے عمل کی نوعیت اس حقیقت کو نظر انداز کر دیتی ہے کہ عشائے ربانی کا جوہر ایک روحانی اور عہدی کھانا ہے جس میں خدا اپنے عہد کی دوبارہ توثیق کرتا ہے۔ یہ روح القدس ہے جو کلام کے ذریعے کام کرتا ہے نہ کہ کوئی کاہن یا خادم جو ایمانداروں کے لئے ساکرامنٹ کو مؤثر بناتا ہے۔ خدا ہی اس عمل میں فعال ہے (یہاں تک کہ یاد کرنے والا بھی نہیں) اور اسی وجہ سے خدا کے مقرر کردہ نشانات کے ذریعے ہمیں عشائے ربانی کو اور اس میں موجود روٹی اور مے کو خدا کی طرف سے عطا کردہ بخشش سمجھنا چاہیے گویا یہ آسمان سے اتارا ہوا من ہے جو خدا نے ہمیں فضل کے عہد کی برکات کو پہچاننے کیلئے دیا ہے۔ لہٰذا، عشائے ربانی مسیحی زندگی میں صرف ایک اضافی عمل نہیں بلکہ ہماری تقدیس اور دینداری میں بڑھوتری کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

اس کھانے میں، یسوع اب بھی توبہ کرنے والوں، محصول لینے والوں اورگناہ گاروں کو اپنے ساتھ شامل ہونے کی دعوت دیتا ہے۔ خداوند کی میز پر، ہمارا مہربان خدا انجیل کے وعدے کی تصدیق کرتا ہے، جب ہم مخصوص شدہ روٹی اور مے میں شریک ہوتے ہیں تو خدا ہمارے ایمان کو مضبوط کرتا ہے، اپنے وعدے کی تجدید کرتا ہے اور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اُس کے ہیں۔ یسوع ایسا اِس لئے کرتا ہے کیونکہ وہ ہماری زندہ روٹی ہے جو آسمان سے اُتری۔

مصنف: ڈاکٹر کِم رِڈلبارجر

مترجِم: ارسلان الحق


Discover more from Reformed Church of Pakistan

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Bible Verse of the Day

He only is my rock and my salvation; He is my defense; I shall not be moved.

Featuring

Discover more from Reformed Church of Pakistan

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

Skip to content